193

ویرات کوہلی کی حمایت پر بابراعظم کی اسپورٹس مین شپ کی ٹوئٹر پر تعریف

کرکٹ کا کھیل مختلف ممالک کی ٹیموں کو میدان میں ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرسکتا ہے لیکن میدان سے باہر کھلاڑیوں کو مخالفت کے جذبات اور اختلافات سے بالاتر دیکھنا اچھا لگتا ہے۔اسی طرح کی اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی کپتان بابر اعظم نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی حمایت کی اور سرحد کے دونوں جانب لاکھوں لوگوں کے دل جیت لیے۔گزشتہ روز عالمی شہرت یافتہ پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کے ہمراہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں لی گئی تصویر پوسٹ کی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اپنی پوسٹ میں ویرات کوہلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کریئر کے دوران جس مشکل دور سے وہ ان دنوں گزر رہے ہیں وہ عارضی ہے، یہ مشکل وقت گزر جائے گا، مضبوط رہیں۔

ویرات کوہلی کی کارکردگی کو نہ صرف ناقدین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا بلکہ سابق بھارتی کرکٹرز بھی سابق کپتان کی پرفارمنس پر تشویش کا اظہار کر رہے تھے۔

ویرات کوہلی گروئن انجری کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف پہلا ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے اور دوسرے میچ میں صرف 16 رنز بنا سکے تھے، بھارت کو لارڈز میں 100 رنز سے شکست ہوئی، بھارتی کرکٹر کی حالیہ خراب فارم اور کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دائیں ہاتھ کے کھلاڑی اپنی آخری 77 بین الاقوامی اننگز میں سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

بھارتی سلیکٹرز نے گزشتہ روز دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے 18 رکنی ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کیا تو اس میں ویرات کوہلی کا نام شامل نہیں تھا اور انہیں ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

بھارتی اسکواڈ میں کوہلی کا نام نہ آنے پر پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کوہلی کے ساتھ لی گئی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی اور انہیں حوصلہ رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔

بابر اعظم کی اس ٹوئٹ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بار بار شیئر کیا گیا جبکہ انٹرنیٹ صارفین نے بابر اعظم کی جانب سے زبردست اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرنے پر ان کی خوب تعریفیں کی۔

ٹوئٹر صارفین نے اپنے پیغامات میں دونوں کھلاڑیوں کو کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے قرار دیا اور بابر اعظم کی جانب سے ویرات کوہلی کو ان کے مشکل وقت میں سپورٹ کرنے کے جذبے کی دل کھول کر تعریف کی۔

پاکستانی سرحد کے دوسری جانب سے بھی کئی صحافیوں اور مداحوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے بارے میں زبردست جذبات کا اظہار کیا۔

Leave a Reply