67

وزیر اعظم کی سرکاری تقریبات میں اردو زبان استعمال کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم عمران خان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ان کی تمام تقریبات اور پروگرامات میں قومی زبان اردو کا استعمال کرتے ہوئے مرتب کیے جائیں۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے میں ہدیات جاری کی گئی ہیں کہ وزیراعظم جن بھی تقریبات یا پراگراموں میں شرکت کریں، ان میں اردو زبان کا استعمال کیا جائے۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے احکامات دیے ہیں کہ ان کے لیے مرتب اور منعقد کیے جانے والے تمام پروگرام، تقاریب، کانفرنس اور ایونٹ آج کے بعد قومی زبان اردو میں مرتب کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قومی زبان ہمارا فخر ہےاور جب دوسرے ممالک اپنی اپنی قومی زبان استعمال کرتے ہیں تو ہم کیوں نہیں؟۔

شہباز گل نے مزید کہا کہ وزرا اور سرکاری افسران کو بھی ہدایات جاری کی جائیں گی کہ اپنا پیغام و تقاریر اپنی قومی زبان میں عوام تک پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری عوام کی زیادہ تعداد انگریزی زبان نہیں سمجھتی، عوام کی توہین مت کریں اور وزیراعظم چاہتے ہیں جب بھی کوئی عوام سے جڑا پیغام یا تقاریر نشر ہوں، تو وہ ہماری قومی زبان اردو میں ہوں۔واضح رہے کہ وزیر اعظم اس سے قبل سرکاری اداروں سمیت دیگر اہم امور کی انجام دہی کے لیے اردو کے بطور سرکاری زبان استعمال پر زور دیتے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں