لاہور(پی ایف پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ جب قاسم سوری نے مراسلہ دیکھا کہ اس میں امریکی حکم کررہا ہے کہ اپنے وزیراعظم کو ہٹاؤ، اس کے بعد عدم اعتماد کی تحریک آ جاتی ہے، قاسم سوری نے کہا کہ میرا حلف کہتا ہے کہ میں پاکستان کی خوداری کے خلاف نہ جاؤں وہ اپنے حلف پر کھڑے تھے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ اس مراسلے پر تحقیقات نہیں ہوئیں، ہم نے تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کیا تھا، اس حکومت نے آتے کے ساتھ ہی اس کمیشن کو ختم کر دیا، انہوں نے قومی سلامتی کا اجلاس بلایا، اس میں بھی کہا گیا کہ مداخلت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت کا کام تھا کمیشن بنانا لیکن یہ کیسے بناتے، نوازشریف، شہباز شریف، آصف زرداری تو خود اس سازش میں ملوث تھے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے وہ سائفر سپریم کورٹ کو بھیجا، صدر پاکستان نے بھی ان کو خط بھیجا کہ تحقیقات کریں، میر جعفر اور میر صادق نے مل کر بیرونی سازش کے تحت حکومت کا خاتمہ کیا، اس ملک میں اتنا بڑا سانحہ ہوتا ہے لیکن سپریم کورٹ سے بھی اس پر کوئی تحقیقات نہیں ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات تو دور کی بات ہے ایک جج کہتا ہے کہ عمران خان کے اوپر آرٹیکل 6 لگاؤ، میں سب کے سامنے کہتا ہوں کہ میرے اوپر آرٹیکل 6 لگاؤ، آرٹیکل 6 لگے گا تو کم از کم مجھے موقع ملے گا جو باتیں ابھی تک میں نے نہیں کیں، وہ عدالت کے سامنے دنیا کو بتاؤں گا کہ اس قوم کے ساتھ ہوا کیا ہے، حکومت کو ہٹا کر چوروں کو اوپر بٹھا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر میرے اوپر آرٹیکل 6 لگا دیا تو مجھے سب کچھ بتانے کا موقع مل جائے گا کہ کس نے اس ملک سے کس قسم کی غداری کی، مجھے موقع دے دیں۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں حکومت میں آتے ہی ملک کی معیشت تباہ کردی، بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان دیوالیہ ہونے والے ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر ہے، سری لنکا پہلے نمبر ہے، تین ماہ قبل ملک پائیدار ترقی کر رہا تھا، اب دیوالیہ ہونے جا رہا ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے۔